روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے ایران نے امدادی پیکج تیار کرلیا


امدادی پیکج میں خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی کی دیگر چیزیں شامل ہیں ۔ فوٹو : فائل
تہران: میانمار کی ریاست راکھائن میں ریاستی ظلم و جبر سے متاثرہ روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے ایران میدان میں آگیا اور اس کا کہنا ہے کہ وہ جلد امدادی پیکج برما روانہ کرے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی ہلال احمر کے سربراہ مرتضیٰ سلیمی کا کہنا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے امدادی پیکج تیار کرلیا گیا ہے جسے جلد میانمار روانہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی پیکج میں خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی کی دیگر چیزیں شامل ہیں اور میانمار کی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی اسے روانہ کردیا جائے گا۔
مرتضیٰ سلیمی نے بتایا کہ امدادی پیکج روانہ کرنے کی ہدایت ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے دی گئی ہے اور میانمار کی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کا انتظار ہے۔ خیال رہے کہ ایران میانمار کی فوج کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال کی مذمت کرتا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق 25 اگست سے شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد سے اب تک ایک لاکھ 64 ہزار کے قریب روہنگیا مسلمان پڑوسی ملک بنگلا دیش ہجرت کرچکے ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام علی خسرو کا کہنا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے مسئلہ پر مذاکرات کے لیے اسلامی ممالک کے وزراء اور سفیروں سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اسلامی ممالک کے نمائندگان کا اجلاس نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہوسکتا ہے جو آئندہ ہفتے شروع ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انسانی المیے کو روکنے کے لیے سب کو کوشش کرنی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *