اسحاق ڈار پاکستان کے اقتصادی غارتگر ہیں، عمران خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے نیب کے چیرمین قمر زمان چوہدری پر کرپشن کو چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فی الفور مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ حکومت امیروں سے ٹیکس نہیں لے رہی جب کہ غریبوں کا خون چوسا جارہا ہے، ملک کا متوسط طبقہ سکڑ رہا ہے اور غربت بڑھ رہی ہے، نیب چیرمین کا کام ہے کرپشن کو پکڑنا لیکن ہمارے پیسے سے تنخواہ لینے والے نیب چیئرمین بڑی کرپشن پر پردہ ڈال رہے اور چھوٹے چوروں کو پکڑ رہے ہیں، ایف بی آر پرکرپٹ چیئرمین بٹھانے سے ٹیکس اکٹھا نہیں کیا جاسکتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پاکستان کے اقتصادی غارتگر ہیں، نیب ریفرنس دائر ہونے کے بعد وہ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، نواز حکومت میں بہت کم سرمایہ کاری ہوئی، اتنی کم سرمایہ کاری ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، مشرف اورزرداری کے دور میں بھی اس سے زیادہ سرمایہ کاری تھی، کرپشن کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ نہیں آ رہا، موجودہ حکومت آصف زرداری سے بھی زیادہ بدترین ہے، سارا کرپٹ ٹبراوپرسے نیچے تک پیسے بنانے میں لگا ہے۔
چیرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ اقتصادی راہداری سے فائدہ اٹھانے کے لئے اپنا ملک ٹھیک کرنا ہوگا، پاکستان بہت خطرناک راستے پر جارہا ہے، معیشت کا اس وقت سب سے برا حال ہے، حکمرانوں نے عوام کے ساتھ جو کیا وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرتا، بجلی کا سب سے برا حال ہے، ملک میں توانائی کا شدید بحران ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *